منیب بٹ نے فیروز خان کیخلاف سائبر کرائم کا مقدمہ درج کروادیا

January 19, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے اپنے ساتھی اداکار فیروز خان پر سائبر کرائم کا مقدمہ درج کروادیا ہے۔

منیب بٹ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فیروز خان کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کروانے کے بعد ایک تفصیل نوٹ شیئر کیا ہے۔

اُنہوں نے یہ تفصیلی نوٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میرے لیے بہت آسان ہے کہ آپ کا اور آپ کی فیملی کے فون نمبرز اور رہائش کے بارے میں معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنا لیکن مجھ میں آپ میں فرق ہے اس لیے میں نے ایسا نہیں کیا‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میں آپ کی فیملی کی بھی بالکل اپنی فیملی کی طرح ہی عزت کرتا ہوں اس لیے ان کے ساتھ ایسا کبھی نہیں کروں گا‘۔

دوسری جانب، ایمن خان نے بھی فیروز خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنا فون نمبراور رہائش کے بارے میں تفصیلات لیک کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ فیروز کے اس عمل نے مجھے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ جب سے میرا فون نمبر سوشل میڈیا پر لیک ہوا ہے مجھے سینکڑوں کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اس عمل سے میری سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے کیونکہ متعدد لوگوں نے مجھے فون کالز پر ذہنی طور پر ہراساں کیا اور دھمکیاں دیں۔ میری اور میرے خاندان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے‘۔

ایمن خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ ’یہ عمل غیر قانونی ہےاور میں اس پر فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی‘۔

یاد رہے کہ دو روز قبل جب فیروز خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہتک عزت کیس کے حوالے سے اعلان کیا تھا تو انہوں نے چند دستاویزات بھی ساتھ شیئر کئے تھے جس میں ساتھی فنکاروں کی حساس معلومات تھیں۔