اسٹاک مارکیٹ، ملکی معیشت سے متعلق افواہیں، 424 پوائنٹس کم

January 21, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، آئی ایم ایف اور ملکی معیشت سے متعلق افواہوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی،کاروباری ہفتے کا اختتام مندی پر ہوا، کے ایس ای100انڈیکس میں 424 پوائنٹس کی کمی ،سرمایہ کاری مالیت 45 ارب 74 کروڑ 26 لاکھ روپے گھٹ گئی ،61.78 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی ،کاروباری حجم بھی40.78 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز ٹریڈنگ کے آغاز پر مثبت رحجان دیکھا گیا اور چند سیکٹر میں خریداری سے 100انڈیکس میں 151پوائنٹس تک اضافہ نوٹ کیا گیا لیکن ملکی معیشت سے متعلق آئی ایم ایف 9ویں جائزے کے ساتھ سعودی عرب کی جانب سے وعدے کو بھی مشروط کردینے کی منفی اطلاعات پر سرمایہ کاروں نےکاروبار میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جس سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی جس کے باعث 100انڈیکس 540 پوائنٹس تک کم ہو گیا،تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 423.60 پوائنٹس کی کمی سے 38407.98 پوائنٹس پر آکر بند ہوا،کے ایس ای30انڈیکس بھی 176.82 پوائنٹس کی کمی سے 14222.78 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 193.88 پوائنٹس کم ہو جانے کے بعد 26189.05 پوائنٹس سے کم ہو کر 25995.17 پوائنٹس پر آگیا ،مارکیٹ میں 314 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،103 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،194 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 17 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 45 ارب 74 کروڑ 26 لاکھ 8ہزار شیئرز کی کمی سے 6134 ارب 8 کروڑ 19 لاکھ 99ہزار روپے ہو گئی ،سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث کاروباری حجم 6 کروڑ 43 لاکھ 72ہزار شیئرز کی کمی سے 9 کروڑ 34 لاکھ 50 ہزار شیئرز پر آگیا،جمعہ کو کاروباری حجم کے لحاظ سے پاک پیٹرولیم ،ورلڈکال، غنی کیمیکلز(بی) ،سنرجی کو پاک اور ٹی آر جی سر فہرست رہے ،سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ بھنیئرو ٹیکسٹائل اور نیسئلے پاکستان کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ 82.00 روپے اور 50.00 روپے فی شیئرز تھا جبکہ سب سے زیادہ کمی انڈس موٹرز اور فلپس مورس کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 58.15 روپے اور 35.00 روپے فی شیئرز تھی۔