کویتی ولی عہد نے حکومت کا استعفیٰ منظور کرلیا

January 26, 2023

کویتی حکومت کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا، ولی عہد شیخ مشعل الصباح نے استعفے کی منظوری کا شاہی فرمان جاری کر دیا۔

وزیراعظم شیخ احمد نواف الصباح کے ماتحت حکومت نئی کابینہ کی تشکیل تک بطور نگراں سیٹ اپ کام جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں سیاسی کشمکش کی وجہ سے اپنی کابینہ کا استعفیٰ پچھلے ہفتے جمع کروایا تھا۔

پارلیمان نے حکومت سے کہا تھا کہ ملک بھر میں تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے یا حکومت شہریوں کا واجب الادا قرضہ اپنے ذمہ لے۔

حکومت کا موقف تھا کہ یہ اقدام بہت مہنگا پڑے گا، اس سے قومی فنڈز پر 46 ارب ڈالر کے اخراجات آئیں گے لیکن منتخب ارکان کا کہنا تھا کہ صرف ساڑھے 6 ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔