طالبات کو داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی جائے، افغان وزارت ہائر ایجوکیشن

January 28, 2023

افغانستان میں وزارت ہائر ایجوکیشن نے نجی یونیورسٹیز کو حکم نامہ جاری کیا ہے کہ طالبات کو داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی جائے۔

اگلے مہینے نجی یونیورسٹیز میں داخلہ ٹیسٹ منعقد ہونا ہیں، وزارت کی طرف سے جاری کردہ خط میں ملک کے شمالی صوبوں بشمول کابل کیلئے حکم جاری کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جو تعلیمی ادارے قواعد کی پابندی نہیں کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

وزارت ہائر ایجوکیشن نے دسمبر میں یونیورسٹیز کوحکم دیا تھا کہ طالبات کو کلاس روم میں نہ بیٹھنے دیا جائے۔

چند دن بعد افغان انتظامیہ نے این جی اوز میں کام کرنے والی خواتین کو کام سے روک دیا جبکہ لڑکیوں کے زیادہ تر اسکول حکام نے بند کر دیے ہیں۔