کورین اداکار سونگ جونگ نے اپنی شادی کا اعلان کردیا

January 30, 2023

سونگ جونگ کی، فائل فوٹو

معروف کورین اداکار سونگ جونگ کی نے پیر کو برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کیٹی لوئیس سانڈرز سے اپنی شادی کا اعلان کردیا ہے۔

کورین انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ سومپی کے مطابق، اداکار نے اپنے آفیشل فین کیفے پر اپنے مداحوں کے گروپ ’کی آئیل‘ کو ایک خط میں یہ خوشی کی خبر دی ہے۔

اُنہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ’میں نے کیٹی لوئیس سانڈرز کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کا وعدہ کیا ہے جن کے ساتھ میں نے ایک دوسرے کی قدر کرتے ہوئے بہت قیمتی وقت گزارا ہے‘۔

اُنہوں نےاپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ ایک مہربان دل انسان ہیں، اور کیٹی نے اپنی زندگی بہت پُرجوش انداز سے گزاری ہے، وہ ایک سمجھدار اور حیرت انگیز انسان ہیں کہ میں ان کا احترام کرتا ہوں‘۔

سونگ جونگ کی نے لکھا کہ اہلیہ کی بدولت میں ایک بہتر انسان بن رہا ہوں۔ ہم نے ایک ساتھ ایک خوشحال خاندان بنانے کا خواب دیکھا تھا اور ہم نے ایک دوسرے کے وعدوں کو نبھانے کی بہت کوشش کی ہے، اور اب ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں کیونکہ ہمارے پاس ایک نئی زندگی آئی ہے۔

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے لکھا کہ’اب ہم دونوں ایک ہی سمت میں چلتے ہوئے اپنے زندگی میں خوبصورتی سے آگے بڑھائیں گے، میں ان تمام مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمیشہ میری قدر کرتے ہیں،چاہے کچھ بھی ہو۔