دہشت گردی کو شکست فاش دے کر دشمنوں کی سازش ناکام بنائیں گے، رانا ثناء اللّٰہ

January 30, 2023

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست فاش دے کر ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے پولیس لائنز مسجد دھماکے کی مذمت کی، شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کےلیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ نمازیوں پر دہشت گرد حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ایسا دشت گرد حملہ ایک سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، وفاقی ادارے خیبر پختونخوا حکومت کی مکمل معاونت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں، پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ اپنے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کو شکست فاش دے کر ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔