بغیر کرائے پنک بس کا پہلا سفر کیسا رہا؟

February 02, 2023

افتتاح کے اگلے ہی دن پنک بس سروس خواتین میں مقبول ہوگئی، گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو پنک بس سروس کا تحفہ مل گیا، آج اس میں سفر کرنے کا اتفاق ہوا تو بس میں سوار ہوتی ہر لڑکی اور خاتون کے چہرے پر مسرت اور اعتماد ہی دیکھا۔

ملکہ عالیہ کی طرح سڑک پر چلتی، باربی ڈول کے رنگ جیسی، بس میں سوار ہوتی ہر صنف نازک کا صنف نازک نے ہی استقبال کیا۔

سفر کا آغاز ہوا تو کچھ دلچسپ مناظر دیکھنے کو ملے، اسٹاپ پر کھڑے مرد پنک بس کے آنے پر کھڑے کے کھڑے ہی رہ گئے کیونکہ چڑھنے کی اجازت صرف خواتین کو ہی تھی۔

سفر کے دوران یکایک ایک ادھیڑ عمر شخص پر نظر پڑی جو شاید پنک بس سروس کے افتتاح سے لاعلم تھے، جیسے ہی بس کے رکنے پر چڑھنے کیلئے آگے بڑھے تو دروازہ ان کے لیے نہیں کھلا تو بیچارے ہنسی منہ میں دبا کے ہی رہ گئے۔


پنک بس جہاں سے گزری مردوں نے نظریں جھکالیں

پنک بس کے جاہ و جلال کا اندازہ کچھ ایسے مناظر سے لگایا جا سکتا ہے کہ بس کے اسٹاپ پر رکنے پر مردوں نےتاڑنے کی بجائے نظریں نیچے جھکالیں۔

بس میں مختلف جامعات کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین سفر کر رہی تھیں جن سے دلچسپ گفتگو ہوئی۔

’پنک بس کو مرد ڈرائیور چلائے ، اعتراض نہیں‘

ان سے پوچھا کہ کیا انہیں مرد ڈرائیور ہونے پر اعتراض تو نہیں تو انہوں نے اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بے ہنگم ٹریفک کو مرد ڈرائیور ہی سنبھال سکتا ہے تاہم انہیں خاتون فیئر کلیکٹر کی موجودگی پر خوشی ہوئی۔

بس میں جھٹکالگے گا تو خواتین خواتین پر ہی گریں گی

ایک خاتون نے اپنا پچھلا تجربہ یاد کرتے ہوئے دلچسپ انداز میں کہا کہ اس بس میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ دوران سفر اگر جھٹکا لگے گا تو خاتون خاتون پر ہی گرے گی۔

دراصل پنک سروس کے آغاز کے ساتھ خواتین بسوں میں سفر کرنے کے لیے بااعتماد ہوگئیں اور بیٹھ کر یا کھڑے ہوکر سفر کرنے میں سکون محسوس کر رہی ہیں۔

خواتین کاپنک بس کی تعداد اور روٹس بڑھانے پر زور

افتتاح کے اگلے ہی دن خواتین نے پنک سروس بسوں کی تعداد اور روٹس بڑھانے کا پرزورمطالبہ کیا ہے۔وہ چاہتی ہیں کہ اپنے بھائیوں ، شوہر کو تکلیف دیئے بغیر خود ہی ہر جگہ سفر کریں۔