بجلی پیدا کرنے کے مقامی ذرائع پر کام کر رہے ہیں: وزیرِ اعظم شہبازشریف

February 03, 2023

وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی پیدا کرنے کے مقامی ذرائع پر کام کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان ذرائع میں پن بجلی، کوئلہ، شمسی توانائی شامل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر پیدا ہونے والی بجلی ایندھن کی درآمد کم کرنے میں مدد دے گی، اس بجلی سے ٹیرف کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقامی طور پر پیدا ہونے والی بجلی عام آدمی کو ریلیف دینے میں بھی مدد گار ہو گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پاکستان کے ساتویں نیو کلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا، کے 3 منصوبے سے قومی گرڈ میں 1100 میگا واٹ بجلی شامل ہو چکی ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے 3 کی شمولیت سے جوہری توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت 3600 میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے۔