• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیلم نے گووندا کے ساتھ افیئر کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور جیولری ڈیزائنر نیلم کوٹھاری نے گووندا کے ساتھ افیئر کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی اور کہا مجھے اس وقت معلوم نہیں تھا کہ گووندا شادی شدہ ہیں۔

1980کے عشرے میں گووندا کے ساتھ اپنے مبینہ معاشقے کے بارے میں برسوں سے جاری افواہوں پر اب انھوں نے ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک حالیہ گفتگو میں 57 سالہ نیلم نے بتایا کہ جب وہ گووندا کے ساتھ فلموں میں کام کر رہی تھیں تو انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ گووندا شادی شدہ ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ وہ بہت کم عمر تھیں اور ان کے سخت گیر والدین انہیں کسی سے تعلق کی اجازت نہیں دیتے تھے اور مجھے معلوم نہیں تھا کہ گووندا شادی شدہ ہیں۔ میں ہمیشہ اپنے خاندان کے کسی فرد کے ساتھ ہوتی تھی ایسا اس لیے نہیں تھا کہ فلم انڈسٹری کوئی بری جگہ تھی۔ 

صرف نیلم ہی نہیں بلکہ ان کے شوہر اور اداکار سمیر سونی نے بھی ان افواہوں پر ردعمل دیا اور کہا کہ انہیں ان باتوں سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ 20 سال پہلے کچھ ہوا بھی ہو یا نہیں ہوا ہو، مجھے نہیں معلوم۔ تو میں ایسی باتوں کو دل سے کیسے لگا سکتا ہوں؟

1990 کے ایک انٹرویو میں گووندا نے نیلم کے لیے اپنے جذبات کے بارے میں کھل کر بات کی اور انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی موجودہ اہلیہ سنیتا آہوجا کے ساتھ منگنی بھی اس لیے توڑ دی تھی کیونکہ وہ نیلم سے شادی کرنا چاہتے تھے۔

گووندا نے اعتراف کیا تھا کہ نیلم کے لیے ان کی پسند اور کشش کو چھپانا مشکل ہو گیا تھا۔ ہم اکثر ملتے تھے اور جتنا میں نیلم کو جانتا گیا، اتنا ہی مجھے وہ پسند آنے لگیں۔ وہ ایسی عورت تھیں جس سے کوئی بھی مرد دل ہار بیٹھتا۔

واضح رہے کہ نیلم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات کے مطابق گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو چکی ہے اور دونوں نے حالیہ عرصے میں ایک دوسرے کے بارے میں سرعام تنقیدی بیانات بھی دیے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید