ترکیہ، شام میں زلزلہ: 51 رکنی پاکستانی ریسکیو ٹیم لاہور سے استنبول روانہ

February 07, 2023


ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر 51 رکنی ریسکیو ٹیم آج صبح لاہور سے استنبول کے لیے روانہ ہو گئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان انٹرنیشنل نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 707 پاکستانی ریسکیو ٹیم اور اس کے خصوصی آلات اور امدادی سامان کو لے کر صبح سویرے لاہور سے استنبول روانہ ہوئی۔

پی آئی اے کی استنبول (ترکیہ) کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں ہیں جو حکومتی امدادی اقدامات کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔

پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر استنبول (ترکیہ) اور دمشق (شام) جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف کے سامان کی ترسیل مفت کر دی ہے۔

ریلیف کا سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے پی آئی اے کے کارگو ٹرمینل پر پہنچایا جا سکتا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی آئی اے وسیع تر قومی مفاد میں ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتا ہے جو ہمارا قومی فریضہ ہے، کسی بھی امدادی کام یا زخمی ہم وطنوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔