شوٹنگ سیٹ پر حملہ، زخمیوں کیلئے دعاؤں کی اپیل

February 07, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر نبیل قریشی کے بعد اداکارہ حرا مانی، چایلڈ آرٹسٹ فلک شہزاد اور خوشی ماہین نے بھی شوٹنگ کے دوران ہونے والے حملے کی شدید مذمت کردی اور زخمی عملے کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے حرا مانی نے کہا کہ یہ ایک بہت بُرا حادثہ تھا جس کا مشاہدہ کیا، دعا کرتی ہوں کہ کوئی بھی زندگی میں کبھی ایسے کسی واقعے سے نہ گزرے۔

انہوں نے عملے کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیں بچانے کے لئے اپنی آخری حد تک کوشش کی اور زخمی ہوگئے۔

حرامانی اور دیگر چائلڈ آرٹسٹ نے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عملے کے زخمی افراد اسپتال میں داخل ہیں ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کیجئے۔

چایلڈ آرٹسٹ فلک شہزاد اور خوشی ماہین کی انسٹا اسٹوری سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ لوگ فلم کی شوٹ پر موجود تھے جب یہ حادثہ رونما ہوا۔

فلم ساز فرقان صدیقی نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فنکاروں اور اسٹاف اراکین کی خیریت طلب کی۔

یاد رہے کہ کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے پی بی آبی کالونی، جمشید کواٹرز میں دوران شوٹنگ سیٹ پر علاقہ مکینوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں عملے کے کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جبکہ ڈائریکٹر نبیل قریشی کے مطابق اس حملے میں عملے کے ارکان کو ہراساں کرنے کے ساتھ ان کے موبائل فونز اور دیگر سامان بھی چوری کرلیا گیا۔