فنی تعلیم کے حصول پر قیدیوں کی سزاؤں میں چھوٹ دینے کی منظوری

February 08, 2023

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے فنی تعلیم کے حصولپر قیدیوں کی سزاؤں میں چھوٹ دینے کی منظوری دے دی جب کہ غیرمسلم قیدیوںکوان کی مذہبی تعلیم پرمبنی کورسزکرنے پر بھی سزامیں چھوٹ دی جائے گی۔حکومت پنجاب نے نوٹیفیکشن جاری کردیا،آئی جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے پنجاب کے تمام ریجنل ڈی آئی جیزجیل خانہ جات اورجیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کے نام جاری کئے گئے مراسلے میں کہاگیاہے کہ فنی تعلیم میں مرد قیدیوں کے لئے موٹر سائیکل مکینک ، ویلڈنگ ، الیکٹریشن ، پلمبر ، کارپینٹر ، ٹریکٹر مکینک اور خواتین قیدیوں کے لئے دستی کڑھائی ، مشینی کڑھائی ، سلائی ، بیوٹیشن اور فیشن ڈیزائننگ وغیرہ کے کورسز کرنے پرسزاؤں میں تخفیف دی جائے گی ،مرد و خواتین قیدیوں کو فنی تعلیم کے 6 ماہ کے کورس پر 30 یوم اور 3 ماہ کے کورس کرنے پر 15 یوم کی معافی ملے گی ،اس کے ساتھ پنجاب کی جیلوں میں مقید اقلیتی قیدیوں کو ان کے اپنی مذہبی تعلیمات پرمبنی کورس کرنےپر بھی سزاؤں میں کمی کی جائے گی ،اب اقلیتی قیدی بھی اپنے مذہبی کورس کرنےپر 15 سے 60 یوم تک سزاؤں میں چھوٹ حاصل کر سکیں گے۔ قبل ازیں مذہبی تعلیم حاصل کرنے پرصرف مسلمان قیدیوں کی سزامیں کمی کی جاتی تھی اب یہ سہولت غیرمسلموں کوبھی ملے گی ۔