ملتان میں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کے ڈیرے پر چھاپہ، 10 کارکن گرفتار

February 08, 2023

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر ڈوگر کے ڈیرے پر پولیس نے چھاپہ مار کر 10 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

سی سی پی او ملتان کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے کارکنوں پر الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔

عامر ڈوگر نے بھی کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دینے پر اصرار کیا اور کہا کہ کارکنوں کوحراست میں لیا ہے تو میں بھی آپ کے ساتھ چلوں گا، جس پر پولیس عامر ڈوگر کو بھی اپنے ساتھ لے گئی۔

ملتان پولیس نے ملک عامر ڈوگر کو گرفتار کرنے کی تردید کردی۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عامر ڈوگر کی گرفتاری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔

کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے ملک عامر ڈوگر کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کرے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملک عامر ڈوگر خود کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دینے آئے ہیں۔

ملتان میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان کا جھگڑا

ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے دوران الیکشن کمیشن کے سامنے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

اس دوران دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراو کیا جس سے 6 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

جھگڑا پی ٹی آئی امیدوار ملک عامر ڈوگر اور لیگی امیدوار طارق رشید کے حامیوں میں ہوا۔

دونوں پارٹیوں کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

جھگڑے کے کچھ دیر بعد تحریک انصاف کے کارکن الیکشن کمیشن آفس سے چلے گئے۔