کراچی سے چھینا گیا ٹرک بلوچستان سے برآمد

February 09, 2023


کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں اسلحے کے زور پر چھینا گیا ٹرک اے وی ایل سی پولیس نے چند گھنٹے میں برآمد کر لیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے ایس ایس پی انور کھیتران کے مطابق ٹرک چھیننے کی واردات بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سرجانی ٹاؤن میں کچا پکا روڈ پر پیش آئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے گارڈن کے رہائشی زوہیب کو یرغمال بنا کر ٹرک نمبر JV-4053 چھین لیا تھا۔

ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل انور کھیتران نے بتایا کہ ٹرک کی بازیابی کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کی اور چھینا گیا ہینو ٹرک حب بلوچستان میں پایا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس کی ٹیم نے فوری کارروائی کر کے بلوچستان سے مذکورہ ٹرک کو برآمد کر لیا۔