شاہین شاہ آفریدی نے کامیابی کا کریڈٹ کس کو دیا؟

March 19, 2023

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ جیت پر اللّٰہ کا شکر ہے، جیت کا کریڈٹ مینجمنٹ کو دوں گا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ میچ کافی مشکل تھا، سوچا تھا کہ آخری گیند تک لڑیں گے،آخری گیند پر کامیابی ملنے پر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید اور ثمین رانا کا ٹیم کو بنانے میں اہم کردار ہے۔ مجھے اعتماد دیا گیا، میں اس وقت بنا جب مجھے نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ سینئر محمد حفیظ جیسے کھلاڑی ٹیم میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگا کہ اگر میں اوپر بیٹنگ کروں تو کچھ کر سکتا ہوں، میں نے ایک پیڈ پہنا ہوا تھا، پورا تیار بھی نہیں تھا تو میں نے خود آنے کا فیصلہ کیا۔ مجھے یقین تھا کہ ایک دو شاٹ لگ گئے تو ہم دباؤ سے نکل آئیں گے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ حارث رؤف دنیا کا بہترین بولر ہے، مجھے اس پر اندھا اعتماد رہتا ہے۔ اگر اس نے بائیس رنز دیے ہیں تو پھر بھی اچھے بولرز ہیں ان پر اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد زمان کو کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے اچھی بولنگ کی، پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ ہے جس میں بہت اچھے میچز ہوئے۔

لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ محمد رضوان ایک الگ انسان ہے، میں اسے جنتی کہتا ہوں، وہ خاص انسان ہے اور خاص کام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ٹیم ڈیمانڈ کرتی ہے کہ جلد وکٹ لے کر دوں، میں چاہے لیگ کھیلوں یا ملک کے لیے جلد وکٹ لینے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ دوسری ٹیم کو دباؤ میں لاؤں۔

کپتان لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ کامیابی پر بہت خوشی ہوئی ہے، ہم قلندرز والے ایک فیملی کی طرح ہیں۔