دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیت لی۔
سنسنی خیز مقابلے میں ملتان سلطانز کو فائنل میں ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور عثمان خان نے برق رفتار آغاز کیا لیکن 41 کے مجموعے پر عثمان خان ڈیوڈ ویسا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
محمد رضوان کا ساتھ نبھانے کے لیے رائیلی روسو آئے، انہوں نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کپتان کے ہمراہ 64 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
روسو کو راشد نے 105 کے مجموعے پر بولڈ کیا، جس کے بعد 122 کے مجموعے پر محمد رضوان بھی راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
لاہور کے کپتان شاہین آفریدی نے اننگز کے آغاز میں رنز دینے کے بعد اختتامی لمحات میں شاندار کم بیک کیا اور 146 کے مجموعے پر کیرون پولارڈ اور پھر جارح مزاج بلے باز ٹم ڈیوڈ کو 160 بھی میدان بدر کردیا۔
آخری لمحات میں خوشدل شاہ نے 25 اور عباس آفریدی نے 17 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔
قلندرز کے شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں لیں، راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوڈ ویسا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے فائنل میں اپنی بیٹنگ کا آغاز محتاط انداز میں کیا، لیکن پہلا نقصان میں 38 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب 30 رنز بنا کر مرزا طاہر بیگ آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ کےلیے فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق کے درمیان 57 رنز کی پارٹنرشپ بنی لیکن اس کے بعد 95 کے اسکور پر فخر زمان کو اسامہ شیفق نے کیچ آؤٹ کروایا۔
ٹیم کا اسکور 111 پر پہنچا تو اسامہ میر کی گھومتی گیندوں کے سامنے سیم بلنگز بولڈ ہوئے اور اگلی ہی گیند پر احسان حفیظ ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
صرف ایک رن کے اضافے کے بعد سکندر رضا 112 پر صرف ایک رنز بنا کر خوشدل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
قلندرز کے 15ویں اوور میں آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شاہین آفریدی اور عبداللّٰہ شفیق نے دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ٹیم کا اسکور پلکتے جھپکتے 200 تک پہنچا دیا۔
عبداللّٰہ شفیق نے 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین آفریدی 15 گیندوں پر 44 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ انور علی، احسان اللّٰہ اور خوشدل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ملتان سلطانز کے احسان اللّٰہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ملتان سلطانز کے عباس آفریدی کو ٹورنامنٹ کا بہترین بولر کا ایوارڈ دیا گیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 550 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔
فخر زمان ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر قرار پائے۔
ملتان سلطانز کے کیرون پولارڈ کو ٹورنامنٹ کا بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔
سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کیپر بھی قرار دیا گیا۔
کراچی کنگز کے عماد وسیم کو ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ عباس آفریدی کو ملا۔
واضح رہے کہ راوں ایونٹ میں ہی دونوں ٹیموں کے درمیان یہ چوتھا مقابلہ تھا۔
گروپ اسٹیج کے دونوں میچز میں لاہور قلندرز نے باآسانی فتح سمیٹی جبکہ کوالیفائر میں ملتان سلطانز کامیاب رہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کی ٹرافی اٹھانے کے لیے دونوں طرف سے بہترین ٹیمیں میدان میں اتاری گئیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائیلی روسو، کیرون پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللّٰہ شامل تھے۔
شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں آنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، احسان حفیظ بھٹی، سکندر رضا، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل تھی۔