نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کا شیڈول تبدیل

March 20, 2023

—فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے بورڈز نے تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شیڈول میں تبدیلی پنجاب میں صوبائی انتخابات کی وجہ سے کی گئی ہے۔

دورے میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم اب پہلے لاہور آئے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 سے 17 اپریل تک لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے اور سیریز کے 2 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ 20 سے 26 اپریل کو راولپنڈی جبکہ 30 سے سات اپریل تک 4 ون ڈے میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پہلے شیڈول کے مطابق سیریز کا آغاز کراچی سے ہونا تھا اور پھر لاہور اور اختتام راولپنڈی میں ہونا تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ون ڈے میچز سے پاکستان ٹیم کو ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کا موقع ملے گا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے ٹیم کو ری بلڈ کرنے کے عمل کو معاونت بھی ملے گی۔

ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کا شیڈول

لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز 14، 15 اور 17 اپریل کو ہوں گے جبکہ راولپنڈی میں ٹی ٹوئنٹی میچز 20 اور 24 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

راولپنڈی میں واحد ون ڈے میچ 26 اپریل کو ہو گا جبکہ کراچی میں ون ڈے میچز 30 اپریل، 3، 5 اور 7 مئی کو ہوں گے۔