سلیم خان بیٹے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے پر خوفزدہ

March 21, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان عرف سلّو بھائی کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے پروالد سلیم خان بہت خوفزدہ ہیں۔

سلمان خان کے قریبی دوستوں میں سے ایک نے انکشاف کیا کہ اداکار ان دھمکیوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے تاہم والد سلیم خان بہت خوفزدہ ہیں اور راتوں کو سو نہیں پا رہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شاید سلمان خان ایسا اس لیے کر رہے ہیں تاکہ ان کے والدین پریشان نہ ہوں، اس خاندان کے’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ والے اصول کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کوئی بھی اپنے حقیقی خدشات کو ظاہر نہیں کرتا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے ظاہری طور پر تو سلیم صاحب بہت پرسکون لگ رہے ہیں لیکن پورا خاندان جانتا ہے کہ سلیم صاب کی ان دھمکیوں کی وجہ سے راتوں کی نیندیں اُڑی ہوئی ہیں۔

سلمان خان کے قریبی دوست نے کہا کہ سلمان خان تو اپنے گلیکسی اپارٹمنٹ کی سیکیورٹی سخت کرنے کے بھی خلاف ہیں کیونکہ اُنہیں لگتا ہے کہ اس طرح اُنہیں قتل کی دھمکی دینے والا جتنی توجہ کا متلاشی ہی اسے لگے گا کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اداکار تقدیر پر یقین رکھنے والے انسان ہیں اس لیے ان کا ماننا ہے کہ جو بھی جب بھی ہونا ہوگا ہو کر ہی رہے گا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ لیکن خاندانی دباؤ کی وجہ سے سلمان خان نے اپنی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ شوٹنگ کے علاوہ غیر ضروری کاموں کے لیے گھر سے باہر نکلنا بند کردیا ہے۔