محمد خان بھٹی نے جو بات کی وہ لاہور ہائیکورٹ بار کا ہر فرد جانتا ہے، رانا ثناء اللّٰہ

March 21, 2023

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ محمد خان بھٹی نے جو بات کی وہ لاہور ہائیکورٹ بار کا ایک ایک فرد جانتا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ محمد خان بھٹی کی بیان سے متعلق تحقیقات کرنا کوئی چاہے تو ازخود نوٹس بھی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک گرفتاری کی بات ہے تو بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی؟

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جس کی حکومت ہوگی وہ پارٹی عام انتخابات پر اثرانداز ہوگی، چھوٹے صوبوں کی جماعتوں کو الگ الگ انتخابات پر تحفظات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن جو فیصلہ کرچکا ہے کیا وہ حرف آخر ہے؟ عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرسکتی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان دو مرتبہ پہلے ہائیکورٹ گیا کہا لوگ زیادہ آجاتے ہیں پیش نہیں ہوسکتا، آج چوروں کی طرح چھپ کر عدالت گیا، پوچھتا ہوں آج کیوں رش نہیں پڑا؟

انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو ساتھ لے کر جاتا ہے عدالتوں پر حملہ آور ہوتا ہے، پولیس اہلکاروں کو مارا جارہا ہے، پولیس گاڑیوں کو جلایا جارہا ہے، یہ دانستہ طور پر ایسی حرکتیں کرتا ہے تاکہ فرد جرم عائد نہ ہوپائے۔