سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے دور میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی کےعہدے پر فائز محمد خان بھٹی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔
ویڈیو میں محمد خان بھٹی بعض اہم عدالتی شخصیات پر پی ٹی آئی کی حمایت کا الزام لگا رہے ہیں۔
محمد خان بھٹی نے کہا کہ ایک عدالتی شخصیت کے 2 بیٹے ٹکا کر کرپشن کر رہے ہیں، خود پی ٹی آئی اور چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ یہ عدالتوں سے فیصلے ہمارے حق میں کراتے ہیں، اِن کا کوئی کام رکنا نہیں چاہیے۔
ان سے ویڈیو میں پوچھا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ کیسے مینج ہورہی ہے؟
اس پر محمد خان بھٹی نے جواب دیا کہ یہ ذمہ علی افضل ساہی نے اپنے سر لیا ہوا ہے۔
ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ محمد خان بھٹی کو اٹھایا گیا اور پھر مرضی کا بیان دینے پر مجبور کیا گیا، یہ سب کچھ عدلیہ کو دباؤ میں رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ جج صاحبان تمام فیصلے شریف خاندان سے پوچھ کر سنائیں، ن لیگ عدلیہ اور ججوں کے خلاف سوچی سمجھی سازش کر رہی ہے۔