8لاکھ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے دیئے جائینگے، ڈپٹی کمشنر

March 22, 2023

ملتان( سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے ضلع کے 8 لاکھ سے زائد افراد کو 24 روز میں 3 تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے اس مقصد کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس میں بھی مزید اضافہ کردیا گیا ہے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سپورٹ آٹا پوائنٹ سمیت مختلف ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور انکی آٹے کے حوالے سے شکایات کا ازالہ بھی کیا. ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شدید رش کے باعث شہریوں کے شناختی کارڈ کی سکیننگ کیلئے کاونٹرز بھی ڈبل کردیے گئے ہیں۔ضلع کے 36 پوائنٹس پر علی الصبح آٹا فراہمی کا آغاز کیا جارہا ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ شہریوں کا ڈیٹا بھی مرتب کیا گیا ہے۔عمر جہانگیر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 34 سے زائد مفت آٹا پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ شہری ہی آٹا وصول کرسکیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کیلئے سایہ دار مقامات اور پانی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ہر شہری 24 دنوں میں 3 آٹے کے تھیلے حاصل کرسکے گا جس سے حکومت پنجاب کے تاریخی پیکج سے شہریوں کو براہ راست ریلیف حاصل ہورہا ہے۔