ملکی ترقی کیلئے قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے، شیری رحمان

March 24, 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نےکہاہے کہ قومی ہیروز کی ان تھک جدوجہد کی وجہ سے ایک آزاد پاکستان کا قیام ممکن بنا،قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہی پاکستان کی خوشحالی وترقی ممکن ہے، 23 مارچ کے حوالے سےاپنے پیغام میں تمام اہل وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کر تے ہوئے انہوں نے کہا 23مارچ 1940 کے دن آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں قرارداد لاہور منظور کرکے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاد اور خودمختار مسلم ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا، اس قرارداد کی بالآخر 1947 میں پاکستان کے قیام کی صورت میں تعمیل ہوئی، یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی قومی شناخت، ثقافت، تہذیب اور تاریخ کو منانے کے ساتھ ساتھ قائد اعظم محمد علی جناح سمیت تمام قومی ہیروز اور آباؤ اجداد کی قربانیوں اور کاوشوں کو خراج پیش کریں۔