یاسر حسین نے فلم پٹھان کو ’اسٹوری لیس ویڈیو گیم‘ قرار دے دیا

March 25, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار، میزبان و ہدایت کار یاسر حسین کو بالی ووڈ کنگ خان کی فلم ’پٹھان‘ ایک آنکھ نہ بھائی، اس پر تنقیدوں کے نشتر برسا دیئے، کہتے ہیں فلم اسٹوری لیس ویڈیو گیم سے زیادہ کچھ نہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو اسٹوری لیس ویڈیو گیم قرار دے دیا۔

انہوں نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ مشن امپاسیبل ون دیکھ چکے ہیں تو شاہ رخ خان کی پٹھان آپ کو ایک اسٹوری لیس ویڈیو گیم سے زیادہ کچھ نہیں لگے گی‘۔

خیال رہے کہ فلم ’پٹھان‘ سے اداکار شاہ رخ خان کی 4 سال بعد بڑے پردے پر واپسی ہوئی ، ان کی فلم نے باکس آفس پر کئی کامیاب فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئے ریکارڈ قائم کئے۔

گزشتہ دنوں شاہ رخ خان نے پٹھان کی کامیابی کے بعد اسے مداحوں کے لیے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یش راج فلمز کے بینر تلے ریلیز اس فلم کی نمائش اب بھی جاری ہے اور مزید کئی ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔ یش راج فلمز کی جانب سے اس حوالے سے ٹویٹ بھی کیا گیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ پٹھان کا جشن جاری ہے۔