3 دوستوں کے اغوا کا کیس: پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ

March 25, 2023

نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر 3 دوستوں کو اغوا کرنے کے کیس میں گرفتار پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

شہریوں کو جھانسہ دے کر اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے کیس میں ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا۔

عدالت نے تمام ملزمان کو 31 مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں میں برطرف اہلکار محبوب اور آصف شامل ہیں جبکہ دیگر ملزمان مختیار، ریاض اور کاشف ہیں۔

اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں کارروائی کرتے ہوئے تھانے کی چھت سے 3 شہریوں کو بازیاب کروایا گیا تھا۔

ملزمان نے شہریوں کے اہلخانہ سے 50 لاکھ تاوان طلب کیا تھا، بعد میں مغویوں کے اہلخانہ سے 5 لاکھ روپے طے پائے تھے۔