نوجوان ٹیم کے ساتھ کھیل رہے ہیں تھوڑا صبر کرنا ہوگا، شاداب

March 27, 2023

فائل فوٹو

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں، تھوڑا صبر کرنا ہوگا۔

افغانستان کے ہاتھوں سیریز میں 2 صفر سے شکست کے بعد شاداب خان نے کہا کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں اچھا پرفارم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محمد رضوان اور بابر اعظم پر سست رفتاری سے کھیلنے پر تنقید ہوتی رہی ہے۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بیک کرنے کی ضرورت ہے، سب کہتے تھے کہ نوجوان لڑکوں کو چانس دینا چاہیے، وہ غلطیاں بھی کریں گے، وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیلنا شروع کردیں گے، پلیئر بننے میں ٹائم لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سیریز کا مقصد یہ تھا کہ ہم اپنی بینچ اسٹرینتھ چیک کریں۔

واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 بنائے، جواب میں افغان ٹیم نے 20 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔