بھارتی فلمساز ’پٹھان‘ اور ’ٹائیگر‘ کو لڑوانے کیلئے تیار

March 31, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان اگلے سال فلمساز آدتیہ چوپڑا کی ایکشن سے بھرپور فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلمساز آدتیہ چوپڑا، شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ مل کر ایک 2 ہیروز کی کہانی پر مبنی فلم ’ٹائیگر ورسز پٹھان‘ بنانے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آدتیہ چوپڑا نے یہ فیصلہ فلم ’ٹائیگر‘، ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’پٹھان‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اس نئی فلم کی شوٹنگ کے آغاز سے قبلشاہ رخ خان، سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر 3‘ کے ایک ایکشن سے بھرپور سین کی شوٹنگ مکمل کروائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جب سلمان خان بطور ٹائیگر فلم ’پٹھان‘ کے ایک سین میں شاہ رخ خان کی ان کے مشن میں مدد کرتےنظر آئے تو بھارتی فلم انڈسٹری کے دونوں بڑے اسٹارز کو اسکرین پر ساتھ دیکھنے کے خواہشمند فلمی شائقین کی خوشی دیدنی تھی۔

اب وقت ہے کہ شاہ رخ خان فلم ’ٹائیگر 3‘ میں سلمان خان کی مدد کرکے فلمی شائقین کو ایک بار پھر خوش ہونے کا موقع دیں۔

فلم ’پٹھان ورسز ٹائیگر‘میں سلمان خان اور شاہ رخ خان 30 سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔

ان دونوں اداکاروں نے آخری بار 1995ء کی فلم ’کرن ارجن‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور اس فلم کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا۔