اداکار شیو ٹھاکرے نے بھارتی انڈسٹری کا مکروہ چہرہ بےنقاب کر دیا

March 31, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی ٹی وی اداکار شیو ٹھاکرے نے شوبز انڈسٹری میں مردوں کو بھی ہراساں کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی معروف ریئیلٹی شو بگ باس 16 کے کنٹیسٹنٹ شیو ٹھاکرے نے ڈرامہ انڈسٹری میں کریئر کے آغاز میں خود کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے سے پردہ اٹھایا ہے۔

شیو ٹھاکرے نے بھارتی میڈیا ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ممبئی میں آکر پتہ چلا کہ اس انڈسٹری میں صرف لڑکیوں کو ہی نہیں مردوں کو بھی ہراساں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ انڈسٹری میں ایک میم (خاتون) نےمجھے رات 11 بجے آڈیشن دینے کے لیے بلایا۔

شیو ٹھاکرے کا مزید کہنا تھا کہ میں اتنا بھی بچہ نہیں ہوں کہ سمجھ نہ سکوں رات میں کون سے آڈیشن ہوتے ہیں، میں نے اس خاتون سے کہا کہ میں اس وقت نہیں آ سکتا، مجھے دوسرے کچھ کام ہیں۔

شیو ٹھاکرے کا بتانا تھا کہ میرا جواب سننے کے بعد اس خاتون کا کہنا تھا کہ کیا تمہیں اس انڈسٹری میں کام نہیں کرنا؟ اس طرح تو تمہیں کام نہیں ملے گا۔


متعدد ریئیلٹی شوز کا حصہ بننے والے اداکار کا کہنا تھا کہ اگر آپ کاسٹنگ کاؤچ سے انکار کرتے ہیں تو طاقتور لوگ آپ کے حوصلے پست کرتے ہیں لیکن میں اس سے کبھی پریشان نہیں ہوتا۔