ملک کے حالات یہاں تک کیسے پہنچے؟ ہر روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں، شاہدخاقان

March 31, 2023

فوٹو فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک کے حالات یہاں تک کیسے پہنچے؟ ہر روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔

راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے اس کا سب کو ادراک ہے، جولائی 2018 میں سپریم کورٹ نے غلط فیصلہ دیا جس کی کوئی نظیر نہیں، الیکشن چوری کرکے عمران خان کو لایا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے بھی اب غلطی مانتے ہیں، مسلم لیگ ن برسر اقتدار ہے لیکن کیا یہ حالات ہمارے پیدا کردہ ہیں، ہم نے 2018 میں ترقی کرتا پاکستان نگراں حکومت کے حوالے کیا تھا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ساڑھے 3 سال حکومت میں رہ کر عمران خان ایک کام بتا دیں جو ان کی حکومت نے کیا ہو، عمران خان رہتے تو حالات مزید بدترین ہوتے، مسلم لیگ ن نے حکومت لینے کا فیصلہ کیا اس کی سیاسی قیمت بھی ادا کرنے کو تیار ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ ملک چند مہینوں میں 2018 والی پوزیشن پر نہیں پہنچ سکتا، بتایا جائے کیوں 2018 کا الیکشن چوری کیا گیا، کیا یہاں انصاف کے دو پیمانے ہیں نواز شریف کیلئے ایک دوسروں کیلئے اور، آج پورا ملک ہیجانی کیفیت میں ہے کہ سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرے گی؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی لیڈر ورکروں کو امتحان میں نہیں ڈالتا خود سامنے آتا ہے، سیاست اب دشمنیوں میں تبدیل ہو چکی ہے، اس طرح ملک نہیں چلتے، مسلم لیگ ن ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔