عمران نیازی اور فواد چوہدری بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے، طلال چوہدری

April 01, 2023

فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور فواد چوہدری ’بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘۔

اپنے ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس آنسو بہائے بغیر منت ترلہ شو تھا، پیٹرول بم مارو گے تو دہشت گردی کے پرچے تو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گولیاں، ڈنڈے اور پتھر برسانے والے آج خود کو کیڑے مکوڑے کہہ رہے ہیں، عمران نیازی ’بہادر‘ بنیں اور ٹیریئن سے متعلق کیس میں جواب دیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آپ کیسے بہادر ہیں کہ بیٹی کو حق دینے سے ڈرتے ہیں؟ جو بیٹی کو قانونی حق نہ دے وہ دوسروں کے حقوق کی خاک حفاظت کرے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ طیبہ گُل کو اغوا کرنے کا ماحول بن گیا ہے؟ بیٹیوں، بہنوں اور بچیوں کو اغوا کرنے کا ماحول بن گیا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھنے کا ماحول بن گیا ہے، میڈیا کی پسلیوں پہ گولیاں مارنے کا ماحول بن گیا ہے۔