گلگت بلتستان اسمبلی نے جی بی کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کر لی، جس میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
قرارداد کے مطابق گلگت بلتستان کو پاکستان کی قومی اسمبلی و سینیٹ اور تمام آئینی اداروں میں نمائندگی دی جائے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان اسمبلی کی قرار داد کے نفاذ کے لیے تمام ضروری آئینی اور انتظامی اقدامات کرے۔
متن کے مطابق گلگت بلتستان کے عبوری صوبہ بننے سے مستقبل میں کشمیر کے استصواب رائے پر اثر نہیں پڑنا چاہیے، عبوری صوبائی حیثیت سے مسئلہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے مؤقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
قرارداد میں گلگت بلتستان کےعوام کو دیگر صوبوں کے برابر آئینی اور جمہوری حقوق دینے کی تجویز ہے۔ قرارداد پر عمل درآمد کے لیے آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
قرارداد میں گلگت بلتستان کے عوام کی وفاقی سیاسی و آئینی نظام میں مکمل شمولیت پر زور دیا گیا۔ عبوری صوبائی حیثیت پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہوگی۔