پاکستان میں پہلی آن لائن ایئر ٹیکسی سروس کے آغاز کی تیار ی

May 22, 2023

فوٹو، جیو نیوز

پاکستان میں جلد پہلی آن لائن فضائی ٹیکسی سروس کا آغاز ہونے والا ہے جس سے لوگ اندرون ملک کہیں بھی کم وقت میں پہنچ سکیں گے۔

اس جدید سہولت کا آغاز ایک نجی کمپنی’اسکائی وِنگز‘ نے ایک غیر ملکی سرمایہ کار کے تعاون سے کراچی میں کیا ہے اور یہ سہولت اگلے دو ہفتوں میں عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔

عوام کو اس سہولت کی فراہمی کے لیے شہر کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی ایک معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

اسکائی وِنگز ایوی ایشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) عمران اسلم خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ عوام اس آن لائن ایئر ٹیکسی سروس کو حاصل کرنے کے لیے کسی بھی دوسری ٹیکسی بکنگ سروس کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے اپنے مطلوبہ وقت اور منزل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس سروس کا کرایہ عام چارٹر پروازوں سے بہت کم ہوگا جس پر کراچی سے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں کے سفر کے لیے 25 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس ٹیکسی سروس کے لیے ابتدائی طور پر 2 سے 6 سیٹوں والے آٹھ طیارے تیار کیے گئے ہیں تاہم آنے والے دنوں میں مزید طیارے بھی لانچ کردیے جائیں گے۔

عمران اسلم خان نے بتایا کہ اس ہفتے ایک جرمن طیارہ ساز کمپنی کی جانب سے DA 40 ڈائمنڈ کو بیڑے میں شامل کیا گیا ہے جس میں پائلٹ کے علاوہ تین مسافر سیٹیں ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ جرمنی میں تیار کردہ یہ جہاز ایک بار ایندھن ڈلوانے کے بعد 160 ناٹس (تقریباً 300 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ایئر ٹیکسی کو دیگر ٹرانسپورٹیشن سروسز ایپس کریم، اوبر اور بائیکیا کے ذریعے بک کیا جا سکتا ہے۔

عمران اسلم خان نے بتایا کہ نجی جیٹ مالکان بھی اس ایئر ٹیکسی سروس کا حصّہ بننے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیاسی، مذہبی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ دیگر پیشہ ور افراد جیسے سیاح، وکلاء، صحافی، ڈاکٹر اور عام شہری بھی ایئر ٹیکسی سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سروس نہ صرف سفر کا تیز ترین ذریعہ بنے گی بلکہ ملک میں سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔