19 سالہ لڑکے سے محبت کی شادی کے لیے پاکستان آنے والی نیویارک کی شہری، 33 سالہ امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے پاکستان کی مہمان نوازی کی کھل کر تعریف کر دی۔
پاکستان میں رہنے اور بعد ازاں اپنے ملک واپس جانے کے سفر کے دوران اونیجا نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی، اونیجا اینڈریو اب ایک مشہور شخصیت بن چکی ہیں اور مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے انٹرویو دیا ہے جس کی چند مختصر ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔
اونیجا رابنسن نے پاکستان کو اپنا ملک قرار دیتے ہوئے یہاں کے کھانوں اور لوگوں کی خوب تعریف کی ہے۔
ان کہنا ہے کہ پاکستان میں میری ایک مکمل ٹیم تھی جو میرا خیال رکھنے سمیت میرے لیے آسانیاں پیدا کر رہی تھی۔
اونیجا نے اس انٹرویو کے دوران سندھ پولیس کی بھی تعریف کی ہے۔
انہوں نے خاتون پولیس اہلکار شبانہ جیلانی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل میرے جیسی ہیں، شبانہ نہایت ہمدرد اور اچھی پولیس افسر ہیں جنہوں نے میری خدمت اور دیکھ بھال کی۔
اونیجا اینڈریو کا کہنا ہے کہ شبانہ جیلانی کو نیویارک بہت پسند ہے اور اگر وہ نیویارک آئیں گی میں ان سے ضرور ملوں گی، امریکی خاتون نے اپنے روایتی انداز میں انٹرویو کے دوران شبانہ سے انسیت اور محبت کا اظہار بھی کیا ہے۔