پاکستان کی وفاقی کابینہ نے معروف کاروباری شخصیت اور جاپان میں مقیم چوہدری آصف محمود کو اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے بورڈ آف گورنرز کا رکن مقرر کر دیا۔
چوہدری آصف محمود ماضی میں پاکستان کے ایمبیسیڈر ایٹ لارج کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور جاپان میں پاکستانی کمیونٹی میں ایک معتبر مقام رکھتے ہیں۔
حال ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ ’اوورسیز پاکستانی کنونشن 2025ء‘ کے دوران چوہدری آصف محمود نے پاک فوج کو 14 کروڑ روپے مالیت کی 5 جدید ایمبیولینسز عطیہ کیں تھی، اس اقدام کو پاک فوج اور حکومتی حلقوں میں بے حد سراہا گیا۔
اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کا بورڈ آف گورنرز 10 اراکین پر مشتمل ہے، جن میں حکومتی عہدیداران اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شامل ہیں:
1. سید قمر رضا – چیئرمین بورڈ آف گورنرز، برطانیہ میں مقیم معروف کاروباری شخصیت، جنہیں جولائی 2024ء میں اس عہدے پر مقرر کیا گیا۔
2. ڈاکٹر ارشد محمود – سیکریٹری، وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ۔
3. محمد افضال بھٹی – مینیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف، جنہیں جنوری 2025ء میں 3 سالہ مدت کے لیے تعینات کیا گیا۔
4. شاہین خالد بٹ – آزاد رک، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معروف رہنما۔
5. اونازہ احسان بٹ – آزاد رکن، سماجی خدمات میں سرگرم۔
6. شمشیر علی راؤ – آزاد رکن، دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت، جنہیں جولائی 2024ء میں بورڈ میں شامل کیا گیا۔
7. چوہدری آصف محمود – آزاد رکن، جاپان میں مقیم معروف کاروباری شخصیت اور سابق ایمبیسیڈر ایٹ لارچ۔
8. ایڈیشنل سیکریٹری، وزارتِ خزانہ – ایکس آفیشیو رکن۔
9. ایڈیشنل سیکریٹری، وزارتِ قانون و انصاف – ایکس آفیشیو رکن۔
چوہدری آصف محمود کی بورڈ میں شمولیت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جاپان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔