چوری ہوئے موبائل کو چوروں کیلئے ناقابل استعمال بنانے کا طریقہ

May 22, 2023

فائل فوٹو

جب بھی کسی شخص کا فون چوری ہوجائے یا چھن جائے تو اس کی خواہش ہوتی ہے کہ کسی طرح اس کا فون چوروں کے لیے ناقابل استعمال یا بیکار ہو جائے اور یوں اسے اپنا کھویا ہوا فون واپس مل جائے۔

بہرحال اس حوالے سے تو کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ چور یا ڈاکو موبائل واپس کرے گا یا نہیں لیکن موبائل مالک کے لیے اپنے چوری ہوجانے والے موبائل کو ناکارہ بنانا ممکن ہے۔

موبائل کو ناقابل استعمال بنانے کا طریقہ

گم شدہ موبائل کے انٹرنیشنل موبائل ایکویپمنٹ آئڈینٹیٹی(IMEI) نمبر کے ذریعے اس کو بلاک کروایا جاسکتا ہے۔

جب موبائل چوری ہوجائے یا چِھن جائے تو فوری طور پر اپنی موبائل نیٹ ورک ایجنسی سے رابطہ کرکے اپنا سم کارڈ بلاک کروادیں تاکہ سم کارڈ مجرموں کے لیے بیکار ہو جائے۔

پھر اگر چاہیں تو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(PTA) کی ویب سائٹ پر موبائل چوری ہوجانے کے بارے میں موجود فارم کو بھر کر شکایت کا اندراج کروادیں، اس طرح موبائل کے ای ایم ای آئی (IMEI) نمبر کے ذریعے اسے بھی بلاک کروایا جاسکتا ہے۔

کسی بھی موبائل کاای ایم ای آئی (IMEI) نمبر اس کے باکس پر لکھا ہوا ہوتا ہے وہاں سے آسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اس طرح ایک بار فون بلاک ہونے کے بعد یہ ناقابل استعمال ہو جائے گا اور ملک بھر میں کسی بھی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والے نیٹ ورک پر کام نہیں کرے گا۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر چور موبائل سےاس کے مالک کا سم کارڈ نکال کر پھینک دے اور اپنا سم کارڈ شامل کرنے کی کوشش بھی کرے تو بھی موبائل قابلِ استعمال نہیں ہوگا۔

اگر بلاک کروایا ہوا موبائل واپس مل جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(PTA) کی ویب سائٹ پر جاکر دوبارہ شکایت کا اندراج کروانے کے بعد آرام سے 24 گھنٹوں کے اندر اسے اَن بلاک بھی کروایا جاسکتا ہے۔