اپنے شہداء کو بھلا دینے والی قومیں مٹ جایا کرتی ہیں، خلیل جارج

May 26, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہا ہے کہ کوئی قوم اپنے شہداء کی قربانی کا صلہ نہیں دے سکتی جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں ، شہداء پاکستان ہمارے اصل ہیرو اور عظیم اثاثہ ہیں ،پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے،شہداءنے مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کیلئے قربانیاں دیںملک کی سالمیت ہمارے شہداء کی گراںقدر قربانی کی بدولت ہے ، شہداء نے جانوں کے نذرانہ پیش کرکے اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کیا ،شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ، یہ بات انہوں نے جمعرات کوبلوچستان میں آباد اقلیتوں کی جانب سے یوم تکریم شہدا کے موقع پر زرغون روڈ پر شہدا کی یاد میں شمعیں روشنکرنے کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ج کے دن ہم وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا بھرپور انداز میں یوم تکریم شہداء منانا اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم نے شرپسندوں کو بری طرح سے مسترد کردیا ہے اور اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یوم تکریم شہداء پاکستان منانا حکومت کا احسن اقدام ہے پاک فوج ہماری جان ہے ہمارے ادارے ہماری بقا کیلئے ضروری ہیں ادارے کسی خاص طبقہ کے نہیں بلکہ پوری قوم کے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو عسکری تنصیبات پر حملوں ، کورکمانڈرہاوس ، ریڈیو پاکستان پر حملوں اور انہیں نذرآتش کرنے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سز ا دی جائے۔