کوئٹہ(پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے صدر سردار سحر گل خلجی اور جنرل سیکرٹری جاوید اقبال اعوان نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور فضائیہ کے دندان شکن جواب پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک افواج نے بھرپور انداز سے دشمن کو موثر جواب دے کر مودی سرکار کا غرور خاک میں ملادیا ،آپریشن بنیان المرصوص پاک افواج اور فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے ،ہماری افواج ہمارا فخر ،جنہوں نے ہمیشہ ملکی دفاع اور سالمیت کے لئے پاکستان اور اسکی سرحدوں کی حفاظت کی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں اور پاک افواج کی موثر کارروائی دشمن کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ رات کی تاریکی میں بزدلوں کی طرح حملے کرنے والوں پر پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص صبح کے اجالے میں کیااور پوری دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ کے شاہینوں نے نہ صرف دشمن بلکہ دنیا پر بھی اپنی دھاک بٹھادی۔پاکستان نے ایک بار پھر دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔