یونیورسٹی کی بندش اور اساتذہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی تعلیم دشمن اقدام ہے، پشتونخوا ایس او

May 27, 2023

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس زونل آرگنائزر سیف اللہ خان کاکڑ کی زیرصدارت منعقدہ ہوا ۔ اجلاس میں گزشتہ تین ماہ کی تنظیمی رپورٹ پیش کی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ اجلاس میں کوئٹہ یونیورسٹی کی بندش اور اساتذہ کے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کو تعلیم دشمن قرار دیا گیا اور صوبائی حکومت ، صوبائی گورنر او رمرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پشتون بلوچ صوبے میں تعلیم کے ابتر نظام کانوٹس لیا جائے اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے ، طلباء وطالبات کو تعلیمی سہولیات دینے ، اساتذہ وملازمین کو ان کی تنخواہوں ودیگر حقوق کی بروقت فراہمی اور مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ آئے روز تعلیمی اداروں کی بندش سے ،تعلیمی سہولیات نہ ہونے اور تعلیمی ماحول کی ابتر صورتحال کے باعث والدین اورطلبہ میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم بالخصوص ٹیکسٹ بک بورڈ کی نااہلی کے باعث اب بھی بعض اضلاع اور تعلیمی اداروں کو درسی کتب کی فراہمی نہیں کی گئی اور اس پر چپ کا روزہ رکھا گیا ہے جس کی پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن شدید مذمت کرتی ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کے بند وغیر فعال سکولوں کو فعال بناکر ان میں اساتذہ کی حاضری کو باقاعدگی سے یقینی بنایا جائے اور تعلیمی سلسلہ بحال کیا جائے ۔ اسی طرح کوئٹہ یونیورسٹی کے اساتذہ وملازمین کے تمام بند تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے ۔ اجلا س میں جنوبی پشتونخوا زون کے تمام اضلا ع میں پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائیزیشن کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تنظیم سازی کے عمل کو تیز کرتے ہوئے پشتونخوا ایس او کو مزید فعال ومنظم بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ضلعی کانفرنسز مقررہ وقت پر یقینی بنایا جائے۔