میری شادی کے دن گزر چکے ہیں، سلمان خان کا شادی کے پروپوزل پر ردِ عمل

May 27, 2023

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

بالی ووڈ کے سلو بھائی، سلمان خان نے خود کو ہونے والی شادی کی پیشکش پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے جو کہ انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو گیا ہے۔

57 سالہ غیر شادی شدہ ہیرو، سلمان خان کا ماننا ہے کہ اُن کی شادی کے دن گزر چکے ہیں۔

سلمان خان آج کل بھارت کے سب سے بڑے ایوارڈز، انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئیفا) 2023ء کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔

گزشتہ شام سلمان خان نے میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران ہالی ووڈ سے آئی ایک خاتون فوٹو جرنلسٹ نے اُن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے شادی کی پیشکش کر ڈالی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے۔

ویڈیو میں ہالی ووڈ سے آئی گوری کا سلمان خان سے کہنا تھا کہ میں خصوصی طور پر ہالی ووڈ سے یہاں دبئی آپ (سلمان خان) سے یہ پوچھنے آئی ہوں کہ کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟


خاتون کا سلمان خان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ جب میں نے پہلی بار آپ کو دیکھا تھا، میں آپ کی محبت میں گرفتار ہوگئی تھی، کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟

اس پر سلمان خان نے اپنی حسِ مزاح کا استعمال کرتے ہوئے خاتون سے فوراً کہا کہ ’آپ شاید شاہ رخ خان کی بات کر رہی ہیں۔‘

جس پر خاتون نے کہا ’میں سلمان خان کی ہی بات کر رہی ہوں، کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟‘

اس سوال کے جواب میں سلمان خان نے کہا کہ ’میری شادی کے دن گزر چکے ہیں، آپ کو مجھ سے 20 سال پہلے ملنا چاہیے تھا۔‘