ایٹمی دھماکوں کی سلور جوبلی!

May 30, 2023

یہ تاریخ کی مسلمہ حقیقت ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک مضبوط دفاع کے بغیر اپنی آزادی برقرار نہیں رکھ سکتا۔ امریکہ نے دوسری عالمگیر جنگ میں جاپان پر ایٹم بم برسا کر اس حقیقت کو آشکار کر دیا اور اس کی آزادی چھین لی۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی قوت ایمانی کی بدولت قائم تو ہو گیا مگر 1971ءمیں کمزور دفاع کی وجہ سے مشرقی پاکستان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ بھارت کو اس سے شہ ملی اور باقی ماندہ پاکستان کو بھی ہتھیانے کیلئے ایٹم بم بنانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ شہید وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے بروقت اس سازش کا ادراک کیا اور اپنے سائنس دانوں اور انجینئروں کو ایٹمی پروگرام کی راہ دکھائی۔ بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے فوراً محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زیر قیادت پاکستان کی ایٹمی ٹیم کو بلاتاخیر اس کا جواب دینے کی ہدایت کر دی۔ امریکہ سمیت بڑی طاقتوں نے انہیں ایسا کرنے سے روکنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا۔ پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیں اور اربوں ڈالر رشوت دینے کی بھی پیشکش کی کہ پاکستان اس ارادے سے باز آئے مگر کوئی بھی دھمکی، کوئی بھی لالچ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کی راہ میں حائل نہ ہو سکا۔ پاکستان نے 28مئی 1998ء میں بلوچستان کے چاغی پہاڑ میں بھارت کے 5 کے مقابلے میں 6ایٹمی دھماکے کر کے منہ توڑ جواب دیا اور ملک کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنا دیا۔ یوں 28مئی پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کی علامت بن گیا۔ بھارت نے اس کے بعد پاکستان کے خلاف کسی بڑی جارحیت کے ارتکاب کی جرات نہیں کی کیونکہ برصغیر میں طاقت کا توازن قائم ہوگیا تھا۔ ان ایٹمی دھماکوں کے 25سال مکمل ہونے پر گزشتہ روز یوم تکبیر کے نام سے ان کی سلور جوبلی منائی گئی۔ ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوئیں اور ریلیاں نکالی گئیں۔ یہ دن ایک سیاسی جماعت کے شرپسندوں کی جانب سے راولپنڈی ، لاہور، میانوالی اور دوسرے شہروں میں 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں گھیرائو جلائو اور تخریب کاری کے پس منظر میں خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے اس لئے تقریبات اور ریلیوں میں مسلح افواج سے یکجہتی کا والہانہ اظہار کیاگیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ28مئی ہمارے دفاع کی ریڈ لائن ہے۔ مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کے خلاف ایٹمی پروگرام کی سرپرستی اور حفاظت کی جو ذمہ داری نبھائی ہے اس کی بدولت ہم آزاد ہیں اور ہمیشہ آزاد رہیں گے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا کہ اس دن کی کامیابی سے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی جہت ملی جس کیلئے ہم اپنے ایٹمی سائنس دانوں اور انجینئروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے حالیہ شرپسندانہ واقعات کے پس منظر میں کہاکہ 9مئی نفرت اور 28مئی محبت کی علامت ہے۔ وفاقی وزرا، سیاسی رہنمائوں اور دانشوروں نے ایٹمی دھماکوں پر سائنس دانوں اور انجینئروں اور ایٹمی پروگرام کی حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ بلاشبہ اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ دفاع پاکستان کے معاملے میں 28مئی قوم کی ریڈ لائن ہے۔ 1971ء میں اگر ہم ایٹمی قوت ہوتے تو بھارت مشرقی پاکستان کو نہ توڑ سکتا۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر اسے ہمسایہ بھارت سے روز اول سے خطرناک عزائم کا سامنا ہے۔ ایسے میں اس کی مسلح افواج ہی اس کے دفاع کی ضامن ہیں۔ دفاعی تنصیبات پر شرپسندوں کے حالیہ حملوں کے پس منظر میں اپنی افواج ، اس کی حساس تنصیبات اور ایٹمی پروگرام کی حفاظت کے ضمن میں قوم کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس کی بجا آوری کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔