کراچی: مختلف واقعات میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق

May 30, 2023

—فائل فوٹو

کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار اور خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق مومن آباد کے ملک چوک کے قریب گھر میں شوہر نے بیوی کو سر پر پتھر کے وار کر کے قتل کر دیا۔

مقتولہ زیبا 5 بچوں کی ماں تھی، پولیس نے ملزم شوہر خلیل کو گرفتار کر لیا، ملزم کے اہلِ خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں۔

اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں ہی نامعلوم ملزمان نے کریمنل ریکارڈ کے حامل شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مومن آباد کے ملک چوک کے قریب ہی فائرنگ سے قتل کیے گئے نوجوان کی لاش ملی ہے، مقتول کی شناخت 21 سالہ شیری کے نام سے ہوئی۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول شیری اپنے دوست کے ساتھ کھانا کھانے نکلا تھا، مقتول ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو کس نے قتل کیا اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

فائرنگ کے الزام میں حارث، شہباز اور عالم زیب کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول عالم زیب کا تھا جو شہباز عرف بھایا شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے کے لیے عالم زیب سے لے کر آیا تھا۔

فائرنگ کے دوران حارث اور شہباز نے پستول سےفائرنگ کی جس سے نوجوان جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔

عائشہ منزل پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

عائشہ منزل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 28 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا، مقتول گھر کا سامان لینے گھر سے نکلا تھا۔

ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے، شہری کی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، مقتول دانش فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا، مقتول کی چند روز بعد شادی تھی۔

سہراب گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے 65 سالہ بزرگ عبداللّٰہ دین جاں بحق ہوئے۔

فائرنگ کا واقعہ مسجد کے باہر پیش آیا، مقتول نماز عشاء کی ادائیگی کر کے باہر نکل رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے انہیں ٹارگٹ کیا گیا۔

مقتول کو 6 گولیاں جسم کے مختلف حصوں پر لگیں، واقعہ بظاہر پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

کراچی میں زمان ٹاؤن ٹریفک سیکشن کے جوان وارث خان کو دن دہاڑے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

شہید اہلکار کی ایک ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی اور اس نے چند روز قبل ہی چھٹیوں سے واپس آ کر ڈیوٹی جوائن کی تھی۔

قیوم آباد میں واقع چائے کا ہوٹل جہاں ٹریفک پولیس کا سپاہی وارث خان ساتھی کے ہمراہ شام کی چائے پینے پہنچا تھا کہ اس دوران یہاں واردات میں مصروف ڈاکوؤں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

لٹیرے فرار ہوتے ہوئے شہید اہلکار کا سرکاری پستول بھی ساتھ لے گئے۔

نیو کراچی خمیسو گوٹھ میں فائرنگ سے 22 سالہ سیکیورٹی گارڈ ضمیر حسین زخمی ہو گیا۔