عمران خان پر حملہ کیس، جے آئی ٹی رکن مکمل ریکارڈ سمیت عدالت طلب

May 30, 2023

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پچھلی جے آئی ٹی کے رکن انور شاہ کو مکمل ریکارڈ سمیت 7 جون کو طلب کرلیا۔

عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس میں شریک ملزم طیب بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالتی حکم پر ایس ایچ او وزیرآباد نصیر احمد نے رپورٹ پیش کی جس پرجسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ آج مقدمے کا ریکارڈ کیوں نہیں لائے؟

ایس ایچ او سٹی وزیرآباد نے جواب دیا کہ مقدمےکا ریکارڈ پہلی جے آئی ٹی کے رکن انور شاہ کے پاس ہے، انہیں متعدد فون کیے مگر وہ اٹینڈ نہیں کرتے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ 7 جون کو اگلی سماعت پرپچھلی جے آئی ٹی کے رکن انور شاہ مکمل ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔

وکیل ملزم نے کہا کہ پولیس نے طیب بٹ کو 4 نومبر 2021 سے گرفتار کر رکھا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ پراسیکیوشن کے مطابق طیب بٹ نے عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کو پستول فراہم کیا۔

ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ شریک ملزم طیب بٹ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔