روس نے یوکرینی علاقوں کے 15 لاکھ شہریوں کو پاسپورٹ دے دیے

May 30, 2023

روس نے یوکرین کے الحاق شدہ علاقوں کے 15 لاکھ شہریوں کو پاسپورٹ دے دیے ہیں۔

روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے کہا کہ یوکرین کے ڈونیٹسک، لوہانسک، زاپورزیا اور خیرسون کے شہریوں کو پاسپورٹ دیے گئے ہیں۔

ماسکو نے پچھلے سال ستمبر میں ان علاقوں کے روس میں الحاق کا اعلان کیا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس ان چاروں علاقوں کو مکمل طور پر کنٹرول نہیں کرتا اور اس الحاق کو بین الاقوامی طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔

وزیراعظم میشوسٹن نے کہا کہ نئے علاقوں کے 15 لاکھ شہریوں کو روس کا پاسپورٹ دے چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں رہائش پذیر 16 لاکھ شہریوں کو پینشن دی جا رہی ہے جبکہ 15 لاکھ کو سماجی فوائد فراہم کیے جا رہے ہیں۔

جنگ سے پہلے چاروں علاقوں کی آبادی 89 لاکھ تھی لیکن جنگ کے بعد لاکھوں شہریوں نے یہاں سے انخلا کیا۔

روس کے صدر پیوٹن نے پچھلے مہینے یوکرین کے الحاق شدہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو روسی شہریت دینے کے حکم نامے پر دستخط کیے تھے۔

اس حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ جو شہری روس کی شہریت سے انکار کرے گا اسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔