بھارتی پہلوانوں کا انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کرنے کا پلان

May 31, 2023

فوٹو: سوشل میڈیا

احتجاج کرنے والے بھارتی ایلیٹ پہلوانوں نے انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کرنے کا پلان بنا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ جب پہلوانوں کی جانب سے مظاہرے کی اجازت مانگی جائے گی تو انہیں کوئی اور جگہ تجویز کی جائے گی۔

دوسری جانب ریسلنگ کی عالمی باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے ریسلرز کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا، عالمی ریسلنگ باڈی نے ریسلرز کی گرفتاری پر مذمتی بیان جاری کیا ہے۔

عالمی باڈی نے فیڈریشن کے صدر کے خلاف تحقیقات کو سامنے نہ لانے پر بھی تنقید کی ہے۔

یو ڈبلیو ڈبلیو نے کہا ہے کہ 45 روز میں انتخابات نہ کرائے گئے تو انڈین ریسلنگ فیڈریشن کو معطل کر دیا جائے گا، ریسلرز کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اور انہیں حراست میں رکھنا قابل مذمت ہے، الزامات کی مکمل تحقیقات کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریسلرز نے بات چیت کر کے معاملات حل کرنے کے لیے 5 روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

بھارت کے ایلیٹ ریسلرز نے فیڈریشن کے چیف برج بھوشن شرن پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے اور وہ 5 ہفتوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 روز قبل بھارت کی پارلیمنٹ بلڈنگ کی طرف جانے پر پولیس نے پہلوانوں پر بدترین تشدد کیا اور انہیں حراست میں لیا تھا۔