رنویر سنگھ ہالی ووڈ میں انٹری دینے والے ہیں؟

May 31, 2023

رنویر سنگھ، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ نے عالمی سطح پر اپنی نمائندگی کے لیے ہالی ووڈ کی مشہور ٹیلنٹ ایجنسی ولیم مورس اینڈیور (WME) سے معاہدہ کرلیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ایجنسی عالمی سطح پر بھارتی اداکار کی نمائندگی کرے گی جبکہ بھارتی ٹیلنٹ ایجنسی کلیکٹو آرٹسٹ نیٹ ورک بھی اداکار کی نمائندگی کرنا جاری رکھے گی۔

اس ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد رنویر سنگھ نے صرف ہالی ووڈ کی دنیا میں ہی قدم نہیں رکھا بلکہ وہ اس سے قبل کئی بار مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کرکے انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کرچکے ہیں۔

حال ہی میں بھارتی اداکار نے نیویارک میں ٹفنی کے فلیگ شپ اسٹور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی جہاں نامور کورین میوزِک بینڈ بی ٹی ایس کے ممبر جیمن اور برطانوی اداکارہ فلورنس پیوگ بھی شریک تھیں۔

خیال رہے کہ ٹیلنٹ ایجنسی ولیم مورس اینڈیور (WME) ہالی ووڈ کے کئی بڑے ناموں کی نمائندگی کرتی ہے جن میں کرسچن بیل، بین ایفلک، ہیو جیک مین، مشیل ولیمز، میٹ ڈیمونز، گیل گیڈوٹ، چارلیز تھیرون، اور اوپرا ونفری وغیرہ شامل ہیں۔

دوسری جانب، رنویر سنگھ کی اہلیہ، اداکارہ دیپیکا پڈوکون پہلے ہی ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کا ایک اہم حصّہ ہیں۔ اُنہوں نے2021ء میں ٹیلنٹ ایجنسی (ICM) کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا۔