کے کے کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا

May 31, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف پلے بیک گلوکار کرشنا کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کرشنا کمار کناتھ (کے کے) کنسرٹ میں پرفامنس کے بعد دل کا دورہ پڑنے کے باعث 53 سال کی عمر میں وفات پاگئے تھے۔

انہیں کلکتہ کے ایک کالج میں کنسرٹ کے لئے مدعو کیا گیا تھا، کنسرٹ میں لائیو پرفارمنس کے دوران بھی انہوں نے طبیعت کی ناسازی کی شکایت کی تھی۔ جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

کے کے کی برسی کے موقع پر ان کے ساتھی گلوکار شان نے حالیہ انٹروو کے دوران اپنے دیرینہ اور آنجہانی دوست کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ کے کے بھارت کے بہترین گلوکاروں میں سے ایک تھے، ہم دونوں ایک فیملی کی طرح تھے، مجھے جب ان کی موت کا پتا چلا تو لگا کہ یہ کوئی مذاق ہے لیکن جب احساس ہوا کہ یہ سچ ہے تو میں ٹوٹ گیا تھا۔

انہوں نے اپنے دیرینہ دوست اور آنجہانی گلوکار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ 25 سے زائد گانے ریکارڈ کروائے، زندگی کے بہترین سال اس کے ساتھ گزارے۔ حلقہ احباب میں کے کے سب سے زیادہ نظم و ضبط کا پابند تھا، اس نے کبھی تمباکو نوشی یا شراب نوشی نہیں کی۔ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوگی، وہ بالکل صحت مند تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے جانے کے بعد اس کی کئی باتوں کو جب بھی یاد کرتا ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ وہ اتفاقاً بہت سی گہری باتیں کرگیا ہے۔

خیال رہے کہ کے کے نے متعدد زبانوں کی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا جن میں تمل، تیلوگو، کناڈا، مالایالم، مراٹھی، بنگالی، ہندی اور گجراتی فلمیں شامل ہیں۔

ان کی پہلی البم ’پل‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں گانوں پر توجہ دی۔

انہوں نے بلاک بسٹر فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا مشہورِ زمانہ گیت ’تڑپ تڑپ کے‘، فلم ’دس‘ کا گیت ’دس بہانے‘، فلم ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ اور فلم ’وہ لمحے‘ کا مشہور گیت ’کیا مجھے پیار ہے‘ بھی گایا ہے، جبکہ فلموں میں ان کے گانوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔

دہلی میں پیدا ہونے والے کے کے لائیو شوز کے دوران اپنی پرفارمنس کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔