آئی سی سی چیئرمین پاکستان میں سہولتوں، کرکٹ پروگرام سے متاثر، مثبت اثرات کیلئے پرامید

June 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور آئی سی سی کے ڈائریکٹر نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی سی سی کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے ، گلوبل حکمت عملیوں اور منصوبوں کے معاملے میں ساتھ کام کرنے پر یقین رکھتا ہے، یہ رکن ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔ پاکستان کے دورے کے لیے گریگ بارکلے اور جیف ایلرڈائز کے شکر گزار ہیں ۔ اس دورے نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے خیالات اور آئیڈیاز کے تبادلے کا موقع فراہم کیا۔ آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ۔ پاکستان میں جو کچھ دیکھا ہے اس سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں ۔ امید ہے کہ ہم پاکستان کی مرد اور خواتین کرکٹ کو اگلے درجے پر دیکھیں گے اور کمرشل نقطہ نظر سے بھی اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔ ہماری سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کیا جائے اور دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جارہے ہیں ۔ گریگ بارکلے نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ مرد اور خواتین کرکٹ کی ترقی اور انتظامی سطح پر منصوبہ بندی سے متعلق جو بریفنگ دی گئی اس سے وہ بہت خوش ہوئے ہیں ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائزکا دو روزہ لاہور کا دورہ مکمل کرکے جمعرات کی صبح دبئی پہنچ گئے ہیں۔