کرا چی ( اسٹاف رپورٹر) لٹل اسٹار قومی کر کٹرز نے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں قدم رکھ دیا جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے اتوار کو ہوگا۔ جمعے کو دبئی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان انڈر 19نے دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش انڈر19 کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے کھیل کے ہر شعبے میں غیر معمولی پر فار منس کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے عبدالسبحان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان انڈر 19 کی جیت میں عبدالسبحان کی چار وکٹوں اور سمیر منہاس کی ناقابل شکست نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔ جمعہ کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل کو بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب 27 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ پاکستان انڈر 19نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش انڈر19کو بیٹنگ دی جو 26 اعشاریہ 3 اوورز میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان انڈر19 نے مطلوبہ ا سکور 16 اعشاریہ 3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ بنگلہ دیش کی اننگز میں سمیع 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے 4، حذیفہ احسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی اننگز میں سمیر منہاس نے 6چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 69رنز سکور کیے اورآؤٹ نہیں ہوئے ۔ انہوں نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کا اضافہ کیا۔ عبدالسبحان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا انڈر19 کو 8 وکٹوں سے ہرا یا۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹ پر138رنز بنائے، جو بھارتی ٹیم نے دو وکٹ پر139رنز بناکر پورا کرلیا۔