اسحاق ڈار کی تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی

June 02, 2023

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اعلامیے کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکریٹری نعیم میر اور دیگر سینئر نمائندوں پر مشتمل وفد نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی ہے۔

دوران گفتگو اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کی معیشت کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک کی مجموعی بہتری کےلیے تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

اس موقع پر تاجروں کے وفد نے وزیر خزانہ کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری معیشت کی بحالی میں بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال میں بجٹ کے اہداف پورے کرنے میں بھرپور تعاون کریں گے۔

وزیر خزانہ نے تاجروں کی طرف سے ملنے والی بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت عوام اور تاجر برادری پر بوجھ ڈالے بغیر بزنس فرینڈلی بجٹ پیش کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔