گندم کی نقل و حمل پر پابندی، سندھ حکومت اور محکمہ خوراک کو نوٹس

June 03, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے فلور ملز کی جانب سے گندم کی نقل و حمل پر پابندی کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت اور محکمہ خوراک کو نوٹس جاری کردیئے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو فلور ملز کی جانب سے گندم کی نقل و حمل پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس سال تو گندم کی اچھی فصل ہوئی ہے، محکمہ خوراک نے ٹارگٹ مقرر کیا تھا وہ حاصل کر لیا؟ کیا سینٹر ہر ضلع میں قائم کیئے گئے ہیں؟ عوام کو کیا ریلیف دیا گیا ہے؟ محکمہ خوراک کے حکام نے بتایا کہ ہم نے سستا آٹا اسکیم شروع کی تھی،65 روپے میں عوام کو آٹا فراہم کیا، چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ سستا آٹا اسکیم سے کسی کو 65 روپے فی کلو آٹا نہیں ملا ، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کس طرح متاثرہ فریق ہیں، وکیل نے کہا کہ درخواست گزار لائسنس ہولڈر ہیں، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ یہ کوئی مفاد عامہ کا کیس نہیں ہے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ گندم کی نقل و حمل پر پابندی کے لیے سندھ کیبنٹ سے منظوری نہیں لی گئی ،عدالت نے محکمہ فوڈ سے تفصیلی رپورٹ اور 12 جون کو دلائل طلب کرلئے ۔