آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم

June 03, 2023

فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں تعلیمی اصلاحات اور آن لائن حاضری سسٹم سے متعلق درخواست پر سماعت کے دورانآن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے سیکریٹری آئی ٹی کو حاضری سسٹم مزید اپڈیٹ کرنے اور اساتذہ کی آن لائن ایپ پر حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔

عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روک دی جائیں۔

سیکریٹری تعلیم سندھ اکبر لغاری نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر اساتذہ کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون نہیں ہے تو کچھ ایپ کا بہانہ بنا رہے ہیں تاہم ہم نے اپنی کوششیں کیں، اب اساتذہ کی حاضری77فیصد ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے کوئی وائس میسج کرتا ہے تو وہ سن لیتے ہیں، گھنٹوں گھنٹوں فون پر بات کرلیتے ہیں تب سگنل آرہے ہوتے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ٹک ٹاک کے بھی مزے لے رہے ہیں باقی آن لائن سسٹم پر حاضری کے لئے انٹرنیٹ نہیں ان کے پاس، یہ سارے بہانے ہیں جو حاضری نہیں لگا رہا ان سب کی تنخواہیں بند کریں۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں بند ہوں گی تو اساتذہ اس فون سے بھی حاضری لگائیں گے۔ آئندہ سماعت پر سیکریٹری آئی ٹی حاضری سسٹم کو مزید اپڈیٹ اور سیکریٹری تعلیم پیش رفت رپورٹ پیش کرے۔